ڈیرہ غازی خان،18 جولائی(اے پی پی):ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ڈیرہ غازیخان امتیاز احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ووٹ کے اندراج،منتقلی اور درستگی کیلئے مقررہ تاریخ میں 20 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کویہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امتیاز احمد نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کے اندراج،کوائف کی درستگی، اخراج اور منتقلی ووٹ کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اپنے ووٹ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے فوری طور پر اپنا شناختی کارڈ نمبر8300 پر ایس ایم ایس کریں،ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر موجود مستقل یا عارضی پتہ میں سے کسی ایک پر کروایا جا سکتا ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن ڈیرہ غازیخان امتیاز احمد نے کہا کہ اگر کوئی اپنے ووٹ کا اندراج، منتقلی، اخراج یا کوائف میں درستگی چاہتا ہے تو وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk سے فارم ڈاون لوڈ کرکے اپنے متعلقہ ضلعی الیکشن کمشنر آفس نزد ٹمبر مارکیٹ پراچہ مسجد ڈیرہ غازی خان میں جمع کروائیں۔انہوں نے کہا کہ اندراج و منتقلی ووٹ کیلئے فارم نمبر 21 اوراعتراض/اخراج ووٹ کیلئے فارم نمبر 22 استعمال کیا جائے،کوائف کی درستگی کیلئے فارم نمبر 23 استعمال کریں، یہ فارم ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔