چنیوٹ،18 جولائی (اے پی پی ):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے تعزیہ لائسنسداران اور جلوسوں،مجالس کے منتظمین کی ڈی پی او دفتر میں میٹنگ ہوئی۔میٹنگ میں محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات،امن وا مان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، منتظمین کی جانب سے بتائے گئے مسائل کا جائزہ لیا گیااور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ڈی پی او نے لائسنسداران، منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکرمربوط حکمت عملی سے فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جارہا ہے۔مجالس،جلوسوں پرفور لیئر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ مجالس،جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں،سمارٹ سٹی کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ مجالس،جلوسوں میں شرکت کرنے والوں کیلئے مخصوص انٹری پوائنٹس بنائے جائیں گے جن پر واک تھرو گیٹس،میٹل ڈٹیکٹر اور فزیکل سرچ کی جائیگی،میں خود تمام روٹس کا،حساس پوائنٹس کا دورہ کررہا ہوں،اس سلسلہ میں منتظمین،لائسنسداران کو بھی انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا۔
منتظمین،لائسنسداران نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام مجالس، جلوس،تعزیے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے بروقت اختتام پذیر ہونگے۔منتظمین مذہبی رواداری،ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے۔منتظمین۔نیاز،سبیلیں لگانے کیلئے مخصوص کارڈ دیے جائیں گے اور تصدیق کے بعد لگانے کی اجازت دی جائے گی۔اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پولیس امن و امان برقرار رکھنے،مذہبی رواداری،ہم آہنگی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور کسی کو بھی نقص امن کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،انتشار پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔