گوجرانوالہ؛آئی جی پنجاب کی اشرف مارتھ شہید ڈسٹرکٹ پولیس لائن آمد ، پروموشن رینک لگانے کی تقریب میں شرکت

45

گوجرانوالہ،19 جولائی(اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی اشرف مارتھ شہید ڈسٹرکٹ پولیس لائن گوجرانوالہ آمد، اس موقع پرآر پی اوڈاکٹر حیدر اشرف،سی پی اومحمد ایاز سلیم اور دیگر سینئر افسران نے آئی جی پنجاب کا استقبال کیا۔

 اگلے عہدوں پر ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران آئی جی پنجاب نے حال ہی میں ترقی پانے والے گوجرانوالہ ریجن کے پولیس افسران کو رینک لگائے۔

 آئی جی پنجاب نے رینک لگانے کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی ہر فرد کا خواب ہوتا ہے جس کی تعبیر کی خوشیاں بہتر انداز میں منانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پروموشنز اورویلفیئر کا سلسلہ یونہی جاری و ساری رہے گا۔ 2017سے پہلے کے شہداء کے خاندانوں کے لئے گھروں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اب بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو بہادری کے میڈلز اور انعامات دیے جائیں گے، پنجاب پولیس 1600شہداء اور 1700غازیوں کی فورس ہے۔

انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پاکستان میں پاک آرمی کے بعد پولیس نے امن وامان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے علاوہ ازیں حکم دیا کہ سائلین کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کرتے ہوئے محکمہ کی نیک نامی کا باعث بنیں۔

انہوں نے تقریب کے بہترین انتظامات کرنے پر آر پی او ڈاکٹر حیدر اشرف، سی پی محمد ایاز سلیم اور دیگر افسران کو شاباش دی۔