گوجرانوالہ،19 جولائی(اے پی پی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلساز مافیاکے خلاف آپریشن کے دوران لالہ موسی کھاریاں بہاری کالونی میں واقع گھر میں لگے فیٹ رینڈرنگ یونٹ پر چھاپہ مارا، کاروائی کے دوران جانوروں کی آلائشوں سے تیار 100 کلومضر صحت گھی ضبط کرکے مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انورکے مطابق 70کلو چربی اور آلاشیں، 2کنستر،چولہے، برتن قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ یہ مکروہ دھندہ رہائشی گھر کی چھت پر جانوروں کی چربی اور آلائشوں سے گھی تیار کیا جا رہا تھا۔ اور یہ سب فوڈ اینڈ فیٹ رینڈرنگ لائسنس کے بغیر جانوروں کی چربی سے آئل تیار کر رہے تھے۔ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر کے موقع سے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق چربی اور آلائشوں سے تیار تیل صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ فیٹ رینڈر آئل کا خوراک میں استعمال سنگین جرم ہے۔ شہری اپنے اردگرد نظر رکھیں، جعلساز اور ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کریں۔ اپنے ارد گرد موجود جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔