اسلام آباد،20جولائی(اے پی پی):کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں اندھے پن اور اس کی متعلقہ بیماریوں سے نمٹنے کے لیے 12 میڈیکل کیمپوں کو سپانسر کیا ہے۔ یہ کیمپ البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے معاونت سے الابراہیم آئی ہسپتال کراچی کے تعاون سے منعقد کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد ضرورت مند افراد کو آنکھوں کی دیکھ بھال کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔میڈیکل کیمپ بنیادی طور پر صوبہ سندھ اور بلوچستان کے دیہی اور شہری علاقوں میں لگائے گئے۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد آنکھوں سے متعلق مسائل کا ابتدائی مرحلے میں پتہ لگانا اور ان کا ازالہ کرنا ہے ۔اس پروگرام کے تحت 50,000 سے زیادہ طبی معائنے ، 5,000 سے زائد سرجریز اور بینائی کی اصلاح کے لیے ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات کے ساتھ 12,000 چشمے فراہم کیے جائیں گے۔ یہ کیمپ کراچی، ماتلی، شکارپور ، کنڈیرو، خاران اور قلات کے شہروں میں منعقد کیے جا رہے ہیں، پروگرام کے توسط سے ان علاقوں کے رہائشیوں کو آنکھوں کی دیکھ بھال اور اپنی بینائی دوبارہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔