ڈیرہ غازی خان،24 جولائی (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈیرہ غازیخان، مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران، ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران نے محرم الحرام کے حوالے سے کیئے گئے سکیورٹی کے اقدامات، مذہبی عبادت گاہوں، غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی اور لاءاینڈ آرڈر کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پرمحرم الحرام کے دوران ممکنہ تھر یٹ الرٹس کے پیش نظر تمام تر سیکورٹی اقدامات کا از سرنو جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آر پی او نے کہا کہ تمام ضلعی سربراہان موجودہ حالات کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں بلخصوص چائینز شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ان کی نقل و حرکت کے دوران موثر سکیورٹی یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر غیر ملکی شہریوں کے ہمراہ کام کرنے والے عملہ کا سیکورٹی آڈٹ کیا جائے اور سپروائزری افسران امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی اقدامات کا آن گراؤنڈ خود معائنہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر تعینات عملہ کو ڈیوٹی کی حساسیت سے متعلق بریف کریں اور محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضاء کو قائم رکھنے کے لیے دیگر قانون نافد کرنے والے اداروں کے ساتھ بروقت معلومات کا تبادلہ اور مکمل کوارڈینیشن رکھی جائے۔
اس موقع پر کمشنر نے کہاکہ اشتعال اور نفرت انگیز تقاریر ،فرقہ وارانہ بیانات، وال چاکنگ اور پوسٹر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔