گوجرانوالہ،24جولائی(اے پی پی): شہر بھر میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، بارش 105ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں ۔
بارش کے دوران ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے پانی نشیبی علاقوں میں جمع ہو گیا ہے ، واسا حکام سمیت افسران و ملازمین نکاسی آب کے لیے متحرک ہیں ۔
مون سون کنٹرول روم کی رپورٹ کے مطابق شیرانوالہ زون، گھنٹہ گھر زون، ماڈل ٹائون زون، سیٹلائٹ ٹائون زون،سمیت دیگر زونز میں موسلادھار بارش کی مسلسل آمد سے 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔
ایم ڈی واسا عامر عزیز کے مطابق 200 افراد پر مشتمل عملہ نکاسی آب کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، گوجرانوالہ شہرمیں 10سکر مشینوں کی مدد سے نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ واسا انتظامیہ اور ملازمین پانی کے نکاس کے لیے متحرک ہیں اور مسلسل کوشش کے بعد شہر کے دونوں انڈر پاسز کو کلئیر کردیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا عامر عزیز نے کہا کہ نشیبی اور مصروف شاہراہوں پر بھی نکاسی کا کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے دوران واسا کے افسران اور عملہ ہمہ تن مصروف، بہت جلد اہم نشینی علاقوں کو بھی کلئیر کر دیا جائے گا۔