ڈی جی خان،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، ملاوٹی و غیر معیاری خوردنی اشیاءتلف،جرمانے عائد

12

ڈیرہ غازی خان، 26 جولائی (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی نے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ملاوٹی دودھ، غیر معیاری دہی،مربہ جات اور اچار تلف کرنے کے علاوہ فوڈ پوائنٹس پر جرمانے عائد کردئیے۔

ترجمان فوڈاتھارٹی کے مطابق خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے کارروائیاں جاری ہیں اور فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں متعدد فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے اور ڈی جی خان شہر میں کالج روڈ ڈی ایچ اے کے معروف ریسٹورنٹس کو کھانوں کی تیاری میں گلی سڑی سبزیوں کا استعمال کرنے جبکہ دستی پل پر واقع پکوان سنٹر کو کھانوں کی تیاری میں چائنہ نمک کا استعمال کرنے اور تحصیل کوٹ چٹھہ میں بیکری یونٹ کو ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 10 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔

اسی طرح علی پور روڈ مظفرگڑھ میں اچار یونٹ کے پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار پائے جانے پر 40 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیااس کے علاوہ جام پور راجن پور میں سویٹس اینڈ بیکرز یونٹ کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر 20 ہزار روپے جبکہ ملک شاپ پر غیر معیاری اور ملاوٹی دودھ فروخت کرنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ 100 لیٹر سے زیادہ دودھ تلف کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ لیہ کے علاقے راجن شاہ میں ملک شاپ کو غیر معیاری دہی فروخت کرنے پر جرمانہ عائدکر دیا گیا۔