پاکستان اور ترکیہ دو اسلامی برادر ملک ہیں، ہمیں مل کر مسلم امہ کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنا ہو گا، حسن کامل یملیز

18

اسلام آباد،26جولائی(اے پی پی):پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ترکیہ کے معروف ماہر تعلیم حسن کامل یلمیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ دو اسلامی برادر ملک ہیں، ہمیں مل کر مسلم امہ کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی  کے زیر اہتمام   پاکستان اور  ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں امت مسلمہ کے چیلنجوں کے مشترکہ حل کے حوالے سے منعقدہ  پالیسی ڈائیلاگ  میں کیا۔حسن کامل یلمیز  جو کہ ترکیہ کے ایک بڑے تعلیمی ادارے صباحتین زیم یونیورسٹی میں ڈین کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں، نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ تاریخ ہے ،  ہماری بہت سی قدریں مشترک ہیں، دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے محبت کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں بھی جہاں بہت سی چیزیں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں اس کے باوجود پاکستان اور ترکیہ کے رسم و رواج اور دلوں میں محبت آج بھی موجود ہے۔  انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو جو اہمیت اور محبت اس خطہ میں دی جاتی ہے وہی محبت اور اہمیت مولانا رومی کی بھی ترکیہ میں ہے  ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے  شاعری سے نہ صرف ہند کے لوگوں کو متاثر کیا بلکہ ترکیہ کے لوگوں کو  بھی متاثر کیا ، پاکستان میں  علامہ اقبال اور ترکیہ میں شاعر عاکف یہ دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب تھے اور وہ ایک دوسرے کیلئے اشعار کہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خلافت عثمانیہ میں ہند کے مسلمانوں نے جس طرح ترکیہ کا ساتھ دیا وہ ہم نہیں بھول سکتے  ۔ انہوں نے کہا کہ  ہم پہلی بار پاکستان آئے ہیں، ہمارے دلوں میں پاکستان سے محبت پہلے سے تھی ، پاکستان میں گزارے گئے تین دنوں میں ہم نے دیکھ لیا کہ پاکستان ایک دوسری ترک قوم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ترکیہ میں جو لوگ تبلیغ کے لئے آتے ہیں ان کی ہم بہت عزت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان تین دنوں میں کراچی ،لاہور ہم جہاں بھی گے ہمیں محسوس ہوا کہ ہمیں پاکستان بہت پہلے آنا چاہئے تھا  ،یہاں کے لوگ ترکیہ والوں سے بہت محبت کرتے ہیں۔اس موقع پر رفاہ یونیورسٹی کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈز بھی دی گئیں۔