اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):قومی اسمبلی نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل 2023 اوردی پریس کونسل آف پاکستا ن ترمیمی بل 2023 کی منظوری دیدی۔بدھ کوقومی اسمبلی میں وجیہہ قمر نے جویریہ ظفرآہیر کی ایما پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل 2023 اوردی پریس کونسل آف پاکستان ترمیمی بل 2023 پر قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کی رپورٹس ایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے دونوں رپورٹس ایوان میں پیش کردیں۔وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل 2023 اوردی پریس کونسل آف پاکستان ترمیمی بل 2023 ایوان میں پیش کرنے کی تحاریک ایوان میں پیش کیں۔ایوان سے تحاریک کی منظوری کے بعد انہوں نے دونوں ترمیمی بلز ایوان میں پیش کئے۔ ایوان نے دونوں بلوں کی شق وارمنظوری دیدی۔











