گوجرانوالہ؛ ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کا فلیگ مارچ

9

گوجرانوالہ،17 اگست(اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر محمدایاز سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے گوجرانوالہ پولیس نے ایس ایس پی آپریشنز فراز احمد کی قیادت میں شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا، فلیگ مارچ میں سینئر افسران سمیت ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور ڈولفن سکواڈ نے شرکت کی۔فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار ہے۔

اس موقع پرایس ایس پی آپریشنز فراز احمدنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز نے عوام سے بھی اپیل کی کہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

فلیگ مارچ اشرف مارتھ شہید دسٹرکٹ پولیس لائنز سے شروع ہوکر شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا پولیس لائنز میں ہی اختتام پذیر ہوا۔

اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عوام الناس میں احساس تحفظ پیدا کرتے ہوئے امن و امان کے قیام اور سیکورٹی انتظات کو یقینی بنانا ہے۔ کسی بھی ناگہانی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے گوجرانوالہ پولیس دن رات پوری طرح چوکس ہے۔