نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ  سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبار خان کی ملاقات

63

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبار خان نے ملاقات کی۔وزیرِاعلیٰ نے وزیرِاعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے بھرپور طریقے سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا،گلگت بلتستان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ وزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیرِاعظم کو گلگت بلتستان کے دورے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کی دعوت دی جسے وزیرِ اعظم نے قبول کر لیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بہت جلد گلگت بلتستان کا دورہ اور گلگت بلتستان یونیورسٹی کے طلبا سے ملاقات کروں گا۔وزیرِاعلیٰ نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور اور مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیرِاعظم نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مسائل کے حل اور وہاں کے لوگوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بہت مہمان نواز ہیں جس کا متعدد بار خود تجربہ کر چکا ہوں۔