ڈیرہ غازی خان، 30 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کے دوران 2000کلوگرام غیرمعیاری اور گلے سڑے آم برآمد کر کے تلف کردیے ہیں، یہ آم جوسز کی پلپ تیار کرنے میں استعمال ہونے تھے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے غیر معیاری فوڈ سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایت پر عوام تک محفوظ خوراک پہچانے کے مشن کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے حاجی واہ پل پر گودام میں چھاپہ مار کر گلے سڑے پھل برآمد کر لیے، یہ پھل مظفرگڑھ سے لاہور سپلائی کیے جارہے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ان آموں کے پلپ سے جوس تیار کیا جانا تھا، فوڈ اتھارٹی نے موقع پر پہنچ کر 2ہزار کلو گرام پھل تلف کر دیے۔انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر مالکان کو 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ گھر میں بنے فریش جوس کو ترجیح دیں ۔انہوں نے کہا کہ گھناؤنا کاروبار کرنے والوں کیخلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔