جیکب آباد؛تحصیل ٹھل کے گاﺅں کوٹ جنگو کی 1870 ءمیں تعمیر شدہ تاریخی جامع مسجد خستہ حالی کا شکار

47

جیکب آباد،31 اگست (ا ے پی پی): جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے گاﺅں کوٹ جنگو کی جامع مسجد تاریخی مقام رکھتی ہے جو اس وقت خستہ حالی کا شکار ہے۔ٹھل کی واحد تاریخی مسجد ہے جسے جنگو خاں کوسہ کے بیٹے نور محمد خاں کوسہ نے 1870 ءمیں تعمیر کرایا تھا۔

یہ واحد مسجد ہے جو مغلیہ فن تعمیر سے متاثر ہوکر بنائی گئی، اس تاریخی مسجد کی تعمیر 1870ءمیں شروع کی گئی اور 1875 ء تک اس مسجد کی تعمیر کا کام جاری رہا۔ مسجد کی تعمیر میں سندھ اور بلوچستان کے کاریگروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور تعمیراتی کام مکمل کیا۔مسجد کی تعمیراتی کام کے دوران 35 مزدور دوران کام گر کر شہید ہوگئے تھے ۔

نور محمد خان کوسہ نے اپنے خاندانی مستری کو انڈیا کے شہر دہلی بھیجا اور وہاں سے جامع مسجد کا نقشہ تیار کروایا اور استعمال کے لئے میٹریل اونٹوں پر لاد کر دہلی سے لایا گیا۔

یہاں کے مکین اس تاریخی جامع مسجد کو اپنی پہچان مانتے ہیں،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تاریخی جامع مسجد کوٹ جنگو اب خستہ حالی کا شکار ہے حکومت وقت سے گزارش ہے کہ مسجد کا مرمتی کام کراکے جامع مسجد کی پہچان کو برقرار رکھا جائے۔