موٹر وے پولیس نے ایمانداری اور خوش اخلاقی سے ادارے کو دنیا میں مثالی ادارہ منوایا ؛ نگران وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ

37

اسلام آباد،31اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس افسران نے ایمانداری اور خوش اخلاقی سے موٹروے پولیس کو دنیا میں مثالی ادارہ منوایا ہے، درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا، پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے  اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس لازمی قرار دی جائے ، ٹریلر (سی ای) کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کی وجہ سے بیرون ملک روزگار کے مواقع بڑھ جائیں گے، عوام کی سہولت کیلئے بڑے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنس کے دفاتر جلد از جلد کھولے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو موٹروے پولیس ہیڈکواٹر اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر بریفنگ کے دوران کیا۔ نگراں وفاقی وزیر مواصلات اس موقع پر  یاد گار شہدا پر بھی حاضری دی اور یادگار پر پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعاکی۔نگراں وفاقی وزیر مواصلات کو موٹروے پولیس کی کا رکر دگی، حکمت عملی اور دیگر مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور  موٹروے پولیس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور آپریشنل صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ موٹر وے پولیس افسران نے ایمانداری اور خوش اخلاقی سے موٹروے پولیس کو دنیا میں مثالی ادارہ منوایا ہے، موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے ذاتی طور پر بھر پور کوشش کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں کیلئے  اینٹی ڈوزنگ ڈیوائس لازمی قرار دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریلر (سی ای) کیٹگری ڈرائیونگ لائسنس کی وجہ سے بیرون ملک میں روزگار کے مواقع بڑھ جائیں گے، عوام کی سہولت کیلئے بڑے شہروں میں ڈرائیونگ لائسنس کے دفاتر جلد از جلد کھولے جائیں۔

نگراں وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر جرمانوں کی شرح میں اضافے کیلئے فی الفوراقدامات کئے جائیں اور جرمانوں کی شرح میں اضافے کا آغازذاتی گاڑیوں سے کیا جائے، موٹروے پولیس میں افرادی قوت کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے ا سے حل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی محنت اوربہترین حکمت عملی سے حادثات میں کمی خوش آئند ہے ، قومی شاہرائوں پر انسانی جانوں کو حادثات سے بچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

نگراں وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ نے نئی پیٹرولنگ گاڑیوں کی علامتی چابی آئی جی سلطان علی خواجہ کے حوالے کی۔