پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ بڑے مثالی رہے ہیں؛ قونصل جنرل پاکستان  خالد مجید

19

جدہ ، یکم ستمبر (اے پی پی ): پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ بڑے مثالی رہے ہیں ،سعودی عرب ہمیشہ چٹان کی طرح پاکستان کیساتھ ہر مشکل گھڑی میں ایک بھائی کی طرح کھڑا رہا ہے۔

ان  خیالات کا اظہار انہوں نے جموں  و کشمیر  کمیونٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر  کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب کی صدارت چئیرمین جے کے سی او سردار وقاص عنایت اللہ نے کی۔

پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ پاکستان ہماری ماں ہے اور کوئی ماں کے گلے میں ہاتھ نہیں ڈال سکتا۔انہوں نے کہا کہ ہماری منزل تکمیل پاکستان ہے اور انشااللہ یہ منزل مل کر رہے گی۔

تقریب سے خطاب میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر   نے  کشمیر پر بھارتی ظلم و ستم پر  عالمی اداروں کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔  انہوں نے کہا  ملکوں کی تاریخ میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں ملک ایسی صورتحال پر قابو پا لیتےہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وکیل ہے اور ہمیشہ رہے گا،مضبوط پاکستان مضبوط کشمیر کے لیے ضروری ہے۔

 شاہ غلام قادر   نے  کہا کہ ہندوستان کشمیر کی حیثیت کو ایک سازش کے ذریعے سپریم کورٹ سے اس کی حیثیت کو ختم کرنے کے اقدام کو قانونی تحفظ فراہم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی ترقی کے حوالے سے کچھ لوگ غلط بیانی کا کام لیتے ہیں، آزادکشمیر نے ہر میدان میں ترقی کی ہے چاہے وہ تعلیم کا میدان ہویا کوئی اور۔