ڈیرہ غازیخان،04 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تعمیراتی میٹریل کی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ افسروں کو سکیموں کے کنسٹرکشن ورک کو مانیٹر کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے اور کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر مفاد عامہ کو یقینی بنانا ہماری ترجیح ہونی چاہیئے،فلی فنڈڈ سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور ترقیاتی سکیموں کے دوران پیش آنے والے مسائل ان کے نوٹس میں لائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران دیگر فنڈز کی دستیابی کیلئے حکام سے رابطے میں رہیں۔انہوں نے کہا کہ افسران فیلڈ میں نظر آنے چاہیں تاکہ سکیموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم بلوچ نے ضلع میں جاری سکیموں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں ہائی وے،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سپورٹس،لوکل گورنمنٹ،کے ایس ڈی اے،بلڈنگز،آئی ڈی اے پی،اریگیشن کی جاری سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔