بھکر؛وطن عزیز پر اپنی جانیں نثارکرنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

16

بھکر،06 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان منانے کا بنیادی مقصد آ ج کے دن اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن عزیز پر اپنی جانیں نثارکرنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے یوم دفاع پا کستان کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول بھکر میں منعقدہ ایک خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سی ای او ایجوکیشن غلام فاروق علوی ،سکول پرنسپل حافظ عبد الواحد،اساتذہ کرام اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نےخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن یوم تجدید ہے ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے عظیم وطن پاکستان کے ذرے ذرے کی حفاظت کریں گےاور مادروطن پر کسی صورت کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر امن قوم ہیں اور امن ہی ہماری پہچان ہے ،لیکن جب بھی دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی ہے تو تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کی افواج نے انہیں ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے اور وطن عزیز کے خلاف ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔