ڈیرہ غازی خان،06 ستمبر (اے پی پی):یوم دفاع کے موقع پر وطن عزیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔اس حوالے سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
مرکزی تقریب آرٹس کونسل ڈیرہ غازی خان کےآڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک،ڈی پی او حسن افضل،صدر ڈسٹرکٹ بار قیصر عباس خٹک،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر،محمد اسدچانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی اور تمام محکموں کےافسران،تاجر، وکلاء،صحافی برادری،سول سوسائٹی،اساتذہ اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ 6ستمبر پر یوم دفاع کی اہمیت کو اجاگر کرنا وقت کا تقاضاہے اور 1965 کو اس دن ہماری افواج نے وطن کے دفاع کیساتھ دنیا کو پیغام دیا کہ ہم کسی بھی جارحیت کو شکست دے سکتے ہیں۔انہوں کہا کہ جنگ لڑنے سے قبل ہم نے دشمن کو اپنے اتحاد سے مضبوط تر پاکستان کا پیغام دینا ہے،قوم کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری شان ہیں۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ6ستمبر1965کو دشمن نے ہمارے ملک پر قبضہ کی ناپاک جسارت کی جیسے ہماری افواج نے پوری قوت سے ناکام بنایا اور اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تقریب سے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قیصر عباس خٹک اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔