اسلام آباد،12ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنےملک میں بین المذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مشاورتی پلیٹ فارم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اورگلگت بلتستان کے تمام التواء کا شکار ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل میں مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان اور دیامر کے سیاسی اکابرین کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد نے وزیراعظم کی گلگت بلتستان آمد پر ان کو خوش آمدید کہا۔ وفد نے وزیراعظم سے گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال اور علاقے کے دیگر مسائل پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مختلف ثقافتوں، زبانوں اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے طبقات عموماً پر امن طریقے سے رہتے ہیں۔
وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں پولیس فورس جیسے ریاستی وسائل کی قلت ہے جس سے قانون کے نفاذ میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ وزیراعظم نے ملک میں بین المذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مشاورتی پلیٹ فارم تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے وفد کو گلگت بلتستان کے تمام التواء کا شکار ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کی یقین دھانی کرائی۔