چترال؛ آٹھ کروڑ چار لاکھ روپے کی لاگت سےمختلف علاقوں کو ٹرانسفارمرز اور کھمبے فراہم

41

چترال،13 ستمبر(اے پی پی): چترال ٹاؤن کے مختلف دیہاتوں میں بجلی کے کم وولٹیج اور ٹرانسفارمروں کے بار بار خراب ہونے کی وجہ سے عوام کو نہایت مشکلات درپیش تھے،  اس مسلئے کو حل کرنے کیلئے چترال سے منتخب سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی نے اپنے صوابدیدی فنڈ سے آٹھ کروڑ چار لاکھ روپے کی لاگت سے ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبے مختلف علاقوں میں تقسیم کیے۔

 اس سلسلے میں گریڈ اسٹیشن جوڈی لشت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں جماعت اسلامی کے اراکین  اور مختلف دیہات سے آئے ہوئے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی عبد الاکبر چترالی نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں سودی نظام کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے،اس کے علاوہ میں نے چترال کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ، بجلی کے ٹرانسفارمر ، کھمبے اور دیگر ترقیاتی کاموں کیلئے اربوں روپے منظور کروائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے مجھ پر اعتماد کیا تھا اور میں نے قوم کے اعتماد کو ٹھیس  نہیں پہنچایا، اگر دوبارہ مجھے خدمت کا موقع ملا  تو پھر قوم کی بھرپور انداز سے خدمت کروں گا۔

رکن قومی اسمبلی عبد الاکبر چترالی نے کہا کہ کیسو، بروز، ایون، شیشی کوہ، ارندو، عشریت وغیرہ کے چھ فیڈر کی منظوری لے چکا ہوں اور چار ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبے تکمیل تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مد میں حکومت سے ڈیڑھ ارب روپے لے چکا ہوں، مجھے فنڈ بھی نہیں ملتا تھا مگر میں نے عدالت سے رجوع کیا اور عدالت جانے کے بعد اپنا حق لینے میں کامیاب ہوا۔

اس موقع پر اے پی پی سے گفتگو میں مولانا عبد الاکبر چترالی نے کہا کہ ٹاؤن علاقے میں بجلی بہت بڑا مسئلہ تھا جب چترال ٹاون میں بجلی کی ترسیل ہورہی تھی اس وقت آبادی کم تھی اب آبادی بڑھ گئی  تو وولٹیج کا مسئلہ پیدا ہوا اور اکثر علاقوں میں ٹرانسفارمر خراب ہونے سے لوگ کئی کئی ہفتے اندھیروں میں رہنے پر مجبور تھے، اب میری کوششوں سے  چترال ٹاؤن کیلئے  میں نے اپنی صوابدیدی فنڈ سے ایس ڈی جی سے آٹھ کروڑ چار لاکھ روپے بجلی کی مد میں لے لیے ہیں جس سے  میں نے سو کے وی کے دس ٹرانسفارمر،نو ٹرانسفارمر  پچاس کے وی، اور ایک ٹرانسفامر پچیس کے وی، اسی طرح دو سو پچاس چھوٹے کھنبے  اور ساٹھ بڑے کھنبے  لاکر علاقوں میں تقسیم کر رہا ہوں، اس سے چترال میں وولٹیج کا مسئلہ حل ہوگا۔

اس موقع پر محتلف دیہات سے آئے ہوئے لوگوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا کہ ان کا ٹرانسفارمر بار بار خراب ہوتا تھا اور وہ اکثر اندھیروں میں رہتے تھے اب امید ہے کہ نئے ٹرانسفارمر لگنے سے ان کا مسئلہ حل  ہو گا۔

 تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جو بعد میں مولانا جمشید کے دعائیہ کلمات سے اختتام پذیر ہوئی۔ علاقے کے لوگوں نے اس موقع پر کافی جوش و حروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ساتھ لائے ہوئے گاڑیوں میں ٹرانسفارمر اور بجلی کے پول لوڈ کرکے لے گئے۔