ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 40 سے زائد ماڈل ویلیج بنائے جائیں گے ، کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر

33

ڈیرہ غازی خان، 21 ستمبر(اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان  ڈویژن میں 40  سے زائد  ماڈل ویلیج بنائے جائیں گے جہاں گلیوں اور مکانوں کے نمبرکے ساتھ بہتر سیوریج،صفائی سمیت شہر کے مساوی بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیر صدارت اجلاس میں کیا۔اجلاس میں”اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام،پرائس کنٹرول،آڈاپٹیو سکولز،ایکسل لوڈ مینجمنٹ،ناکارہ گاڑیوں،کباڑ کی نیلامی اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر کی غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں  کی تین روز کے اندر فہرست فراہم کی جائے اور ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ملازمت پیشہ خواتین کےلئے ہاسٹلز بنائے جائیں تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کا خواب پورا کرنے کے ساتھ ان کے مسائل آزالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر ہر 20 کلومیٹر بعد کے پٹرول پمپ پر مرد اور خواتین کےلئے الگ الگ واش رومز کی سہولت یقینی بنائی جائے۔کمشنر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن نے ہیلتھ اور ایجوکیشن کے انڈیکیٹرز کے تحت صوبہ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے تاہم اب بھی مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر گزیٹڈ انتظامی آفیسر ایک سے زائد سکول آڈاپ کرکے اسے بہتر بنائے۔ اجلاس میں دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔