قومی نصاب کونسل کے مسودے پر تمام صوبوں  کا اتفاق ہے ،نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی

31

اسلام آباد،21ستمبر  (اے پی پی):نگران وفاقی  وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ قومی نصاب کونسل کے مسودے پر تمام صوبوں  کا اتفاق ہے اور آٹھویں جماعت تک نیا نصاب لاگو ہوگا ،ہمیں اپنے تعلیمی نظام کو بدلنا ہوگا  ۔جمعرات کو  قومی نصاب کونسل سیکریٹریٹ کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ  پورے ملک میں ایک نصاب پڑھانے کے حوالے سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  تعلیم کے سوا ترقی کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ 80 فیصد بچے سرکاری سکولوں میں پڑھتے  ہیں پر سکولوں کی حالت زار بہتر نہیں کی جاسکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے کئی سکولوں کے اچانک دورے کئے  ہیں ۔سرکاری سکولوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے  ۔طلبا کے مسائل کو حل کریں گے۔ مدد علی سندہی  نے کہاکہ  ایچ ای سی  کی طرف سے    پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کے اجرا پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ  ملک میں تعلیم کا نظام خراب ہے  اور اس کو بدلنے کی ضرورت ہے۔