سی ٹی او   تیمو ر خان کا ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے گوجر خان ٹریفک سیکٹر کا دورہ   

20

گوجر خان،26ستمبر(اے پی پی ):سی ٹی او راولپنڈی تیمو ر خان نے  ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے گوجر خان ٹریفک سیکٹر کا دورہ  کیا۔سی ٹی او راولپنڈی نے ٹریفک سیکٹر، گوجر خان ٹریفک چوکی  و لائسنس سینٹر کا معائنہ کیا۔سی ٹی او تیمور خان نے لائسنسنگ سینٹر میں موجود شہریوں سے فراہم کردہ سہولیات کے متعلق استفسار کیا ۔تحصیلوں کی سطح پرلائسنسنگ سروسز کی فراہمی پر شہریوں نے  سی ٹی او راولپنڈی سے اظہار تشکر کیا۔

سی ٹی او تیمور خان نے لائسنسنگ سینٹر میں  شہریوں کے بیٹھنے کی گنجائش کو بڑھانے او ر پانی کے مناسب انتظامات کی ہدایت کی  اور  ڈی ایس پی ٹریفک صدر سرکل کو ڈرائیونگ سینٹر میں مکمل مانیٹرنگ اور سرویلنس بڑھانے کا حکم دیا  اور کہا کہ  تمام لائسنسنگ مراحل کی ویڈیو آڈیو کو محفوظ کیا جائے۔

  سی ٹی او راولپنڈی تیمو ر خان نے  کہا کہ آئی جی پنجاب کے حکم پر پولیس سروسز کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ٹریفک کی روانی، لائسنسنگ سروسز کی بہترین فراہمی اور ڈیوٹی کے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، نامناسب رویہ، ناروا سلوک و کام چوری پر اہلکار کو فوری تبدیل کیا جائے گا،  سینٹر پر سروسز کے حصول کےلئے آنیوالے شہریوں کو اللہ تعالی کا مہمان سمجھا جائے۔