کوئٹہ؛چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سول ہسپتال آمد، مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی

31

کوئٹہ،30ستمبر (اے پی پی): چئیرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سول ہسپتال میں مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ، سنیٹر زنصیب اللہ بازئی،  پرنس عمر احمدزئی اور رخسانہ زبیری بھی چئیرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔ چئیرمین سینیٹ نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مستونگ دھماکہ متاثرین اور شہداء کے لئے  امدادی پیکج کی درخواست کی اور کہا کہ مستونگ دھماکے کے شہداء کے لئے 20 لاکھ اور زخمیوں کے لئے 10 لاکھ پیکج کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اور وزیراعلی بلوچستان مستونگ دھماکے کے شہداء اور زخمیوں کے لئے پیکج کا اعلان کرینگے۔

  چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی  نے زخمیوں کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان  کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں،عیدمیلاد النبی کے جلوس کو ٹارگٹ کرنا دہشت گردوں کی اسلام دشمنی کاواضح ثبوت ہے،افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز ،دہشت گردوں کی جڑیں کاٹ چکی ہیں جلد مکمل نجات مل جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، امن عمل کو سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے۔