غزہ اور بیت المقدس ایک عالمی مسئلہ ہے اور امت مسلمہ کے 58 ممالک صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں؛ سراج الحق  

40

ٹنڈوآدم،23 اکتوبر (اے پی پی): امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق   نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے ظلم اور جبر کیا جارہاہے، غزہ اور بیت المقدس ایک عالمی مسئلہ ہے اور امت مسلمہ کے 58 ممالک صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں ، فلسطین کے مجاہدین اور عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم  کے مختصر دورے کے موقع پر کیا۔سراج الحق  نے دورے کے دوران جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما سابق امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ و ممبر مرکزی مجلس شوریٰ مرحوم عبدالعزیز غوری کے فرزند ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ ڈی اے شاہد عزیز غوری کے انتقال پر ان کے بھائیوں طارق عزیز غوری ایڈوکیٹ،عمران عزیز غوری، فیصل عزیز غوری ایڈوکیٹ، کامران عزیز غوری ایڈوکیٹ سے تعزیت کی اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خاندانی سیاست اور مفاد  نے ملک کو کمزور کردیا ہے جہاں پارٹیوں میں جمہوریت نہیں ہوتی وہاں میرٹ نہیں موروثیت جنم لیتی ہے جو ملک و قوم کیلئے کبھی کامیابی کا باعث نہیں بن سکتی،  ملک کی ناکامیوں میں عوام نہیں انہی سیاستدانوں کا ہاتھ ہے، اگر عوام چاہے تو ووٹ کی طاقت سے ملک میں تبدیلی لاسکتے ہیں ۔  انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ بد امنی سندھ کے اندر ہے یہاں بدامنی، چوری، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان قتل وغارت سب سے زیادہ ہے، مغرب کے بعد لوگ سفر کرنے سے ڈرتے ہیں یہاں سب سے زیادہ مایوسی  نوجوانوں میں ہے جوکہ روزگار کی وجہ سے شدید پریشان ہیں یہاں غریب کو اسکے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق   نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت کا کام الیکشن کرانا ہے،  اقتدار کے مزے لوٹنے والی سب جماعتیں اس ملک میں مہنگائی کے سیلاب کی ذمہ دار ہیں، انہوں نے کبھی اسمبلی میں غریب کے حق کیلئے بات نہیں کی۔

 اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، مولانا عبدالوحید قریشی، حافظ طاہر مجید، ڈاکٹر امتیاز پالاری، عقیل احمد خان، عبدالغفور انصاری، مسرور احسن غوری، شیخ لیاقت علی، اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔