لاہور، 23اکتوبر(اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر ہیلتھ ویک کا آغاز کر دیا گیا ہے، ہیلتھ ویک کے دوران پانچ لاکھ افراد کی سکریننگ کی جائے گی،پنجاب بھر میں ہیلتھ ویک 23 سے 26 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ لوگوں میں ہیپاٹائٹس بی ، ہیپاٹائٹس سی اور ایڈز کی مفت سکریننگ اور ویکسینیشن بھی کی جارہی ہے۔ ٹی بی کی مفت سکریننگ، بلڈ شوگر اور حاملہ خواتین کا مفت چیک اپ بھی کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلتھ ویک کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ دو سال سے کم عمر بچوں کی مفت ویکسینیشن بھی کی جارہی ہے۔ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دیہی مراکز صحت میں آٹھ بیماریوں کی مفت سکریننگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں منتخب بنیادی مراکز صحت پر بھی ہیلتھ ویک منایا جا رہا ہے اور لاہور شہر میں میاں میر ہسپتال ہیلتھ ویک کی سرگرمیوں کا فوکل پوائنٹ ہے۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں، نگران حکومت کی پوری ٹیم خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب کی جیلوں میں 52 ہزار قیدیوں کی سکریننگ کا کام کیا گیا ہے۔











