کمشنر ساہیوال کا بنیادی مرکز صحت  کا دورہ

25

ساہیوال، 24 اکتوبر (اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ہفتہ صحت کے سلسلے میں  بنیادی مرکز صحت کا دورہ کیا ہے ۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال کا کہنا تھا کہ  ہفتہ صحت کے دوران ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے فری ٹیسٹ کرنے کیلئے کیمپس قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے بنیادی مرکز صحت 89/6R میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ صحت کے دوران زیادہ سے زیادہ مریضوں کی سکریننگ کی جائے اور علاج معالجے کے لئے مریضوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے مختلف کاونٹرز پر دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور سکریننگ کے لئے آنے والے مریضوں کی عیادت کی۔

پنجاب ہیلتھ فسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹرکٹ مینجر رافع دستگیرنے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہفتہ صحت کے انعقاد کو حکومت پنجاب کا شاندار اقدام قرار دیا اور بتایا کہ ہفتہ صحت کے موقع پر آنے والے مریضوں کی رجسٹریشن، بیماریوں کی تشخیص کے لئے سکریننگ، بنیادی معائنہ، حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن، ٹی بی سکریننگ اور مریضوں کی کونسلنگ و رہنمائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے  بتایا کہ تمام کیمپس میں ادویات کی وافر مقدار اور صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاکہ آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

قبل ازیں کمشنر شعیب اقبال سید نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا جہاں ایم ایس ڈاکٹر اختر محبوب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس کے علاوہ  انہوں نے زیرعلاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ اور مشینری کے فعال ہونے، ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پر موجودگی کو چیک کیا۔ انہوں نے بیت الخلاء کی صفائی کے معیار کو بھی چیک کیا اور مزید صفائی کی تاکید کی۔ انہوں نے  مزید کہا کہ سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لئے ہسپتالوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، پنجاب ہیلتھ فسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹرکٹ مینیجر رافع دستگیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ساہیوال ڈاکٹر محمد الیاس انجم، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر آئی آرایم این سی ایچ ڈاکٹر طاہر چوہدری بھی موجود تھے۔