ملتان،24 اکتوبر(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا صوفیاء کرام کی تعلیمات دور حاضر میں بھی اتنی اہم ہیں جتنی سینکڑوں برس پہلے تھیں اور کہاکہ نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کےلیے پلیٹ فارم ملنا بہت ضروری ہے اور ملتان آرٹس کونسل کی یہ کاوش قابلِ ستائش ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان آرٹس کونسل اور “ویسکو پی کے” کے زیر اہتمام منعقدہ تصوف اور خطاطی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مواقع ملتے رہنے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور کام میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔
ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی نے تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کرام نہ صرف ملتان بلکہ خطے کی پہچان ہیں اور انہوں نے خطے میں رواداری اور امن بقائے باہمی کےلیے بہت زیادہ کام کیا۔ صوفی ازم اور خطاطی پر مبنی اس نمائش کا مقصد جہاں صوفیاء کی تعلیمات کو فروغ دینا ہے وہیں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی سامنے لانا ہے۔
تقریب کے افتتاح کے بعد کمشنر ملتان نے ملتان آرٹس کونسل کی عمارت کی صورتحال بہتر کرنے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض ہمدانی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری بلا کر آرٹس کونسل انتظامیہ سے تعاون کی ہدایات جاری کیں۔ کمشنر ملتان عامر خٹک کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ملتان آرٹس کونسل کی رونقیں بحال کرنے کےلیے وہ بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے آرٹ گیلری اور عمارت کے دیگر حصوں کی تزئین و آرائش کےلیے مکمل تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی اور اس مقصد کے لیے فنڈز فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ کمشنر ملتان نے نمائش میں ایک طالبہ کی حوصلہ افزائی کےلیے اس کا تیار کردہ فن پارہ بھی خرید کیا۔
تقریب میں سابق ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل محمد علی واسطی، نامور ماہر تعلیم اور دانشور ڈاکٹر سجاد نعیم، کالم نگار شاکر حسین شاکر، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ ارم سلیمی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل زاہد اقبال اورنمائش کے شرکاء کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔