اسلام آباد،24اکتوبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارہ کامسٹیک اور پاکستان ویکیوم سوسائٹی نے انٹرنیشنل یونین فار ویکیوم سائنس ٹیکنیک اینڈ ایپلی کیشنز کے اشتراک سے منگل کو کامسٹیک میں ”سطحی سائنس میں ویکیوم کے اطلاق” کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی تکنیکی تربیتی کورس شروع ہو گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیشنل ایجنسی فار سائنٹیفک ریسرچ اینڈ انوویشن موریطانیہ پروفیسر ڈاکٹر احمد المعونہ افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کورس کامسٹیک اور پاکستان ویکیوم سوسائٹی کی لگن اور عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکیوم سائنس نے سطحوں کی طبعی اور کیمیائی خصوصیات کے بارے میں تفہیم کو آگے بڑھانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے اور ہمیں جوہری اور سالماتی سطحوں پر مادوں کی خصوصیات کو جاننے کے قابل بنایا ہے۔
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ویکیوم سائنس اور ٹیکنالوجی نے پوری دنیا میں سائنس، ٹیکنالوجی اور صنعت کی ترقی میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، جدید صنعتی اور تحقیق و ترقی کی دنیا میں ویکیوم ٹیکنالوجی کا اطلاق بے شمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور مستقبل کی جدید ٹیکنالوجیز اور اس سے منسلک ترقی ویکیوم ٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر ممکن نہیں ہے،دنیا قوموں کی فکری صلاحیتوں سے چلتی ہے اور غریب اور امیر قوموں کے درمیان فرق علم اور اس کے استعمال کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ویکیوم ٹیکنالوجی کو او آئی سی کے مختلف رکن ممالک تک لے جانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ کامسٹیک اسلامی ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کو بڑھانے کے لیے بھرپور طریقے سے کام کر رہا ہے۔ اپلائیڈ سرفیس سائنس کمیٹی کے سربراہ اور کورس کے پرنسپل ٹرینر پروفیسر ڈاکٹر جان ٹی گرانٹ نے کہا کہ اس ٹریننگ کا مقصد ویکیوم ٹیکنالوجی اور اس کے استعمال کی بنیادی باتیں سکھانا ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کی بنیادی باتوں کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی مصنوعات تیار کرنے، درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے اور میٹیریل کا تجزیہ کرنے کے لئے اس ٹیکنالوجی کی مبادیات سے آگاہ ہونا انتہائی ضروری ہے۔
راستگار گروپ کے بورڈ کے چیئرمین امتیاز راستگار نے کہا کہ علمی فرق کو پر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے علم کو کاروبار میں بدلنے کی صلاحیت حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق اور ترقی میں ویکیوم ٹیکنالوجی کا کردار اہم ہے۔ امتیاز راستگار نے کہا کہ کچھ پاکستانی کمپنیاں سرن کو آلات فراہم کر رہی ہیں۔
صدر پاکستان ویکیوم سوسائٹی ڈاکٹر جاوید اے بھٹی نے سوسائٹی کے پروگراموں، سرگرمیوں اور پیشرفت اور تربیتی کورس کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ کوآرڈینیٹر پاکستان ویکیوم سوسائٹی طارق ستار نے تربیتی کورس کے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ افتتاحی اجلاس میں گیانا، ایران، کیمرون، انڈونیشیا، سوڈان، قازقستان، شمالی قبرص، ملائیشیا، موریطانیہ اور پاکستان کے شرکاء نے شرکت کی۔ پاکستان اور او آئی سی کے رکن ممالک سے دو سو شرکاء ذاتی طور پر اور آن لائن تقریب میں شریک ہوئے۔