بورے والا،27اکتوبر (اے پی پی): کشمیر میں 76 سالہ بھارتی قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ کے حوالے سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جو بلدیہ آفس سے شروع ہوکر پریس کلب کے سامنے آکر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کی قیادت تحصیلدار چوہدری احسان الحق،چیف آفیسر بلدیہ امتیاز احمد جوئیہ نے کی جس میں سول سوسائٹی،انجمن تاجران،محکمہ تعلیم،صحت اور بلدیہ کے ملازمین نے شرکت کی ۔
ریلی میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ شرکاء ریلی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کو فوری ختم کروا کے کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلوایا جائے اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو فی الفور روکا جائے۔