مری ،27 اکتوبر (اے پی پی ): کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور مظلوم کشمیریوں پرظلم و ستم کے خلاف آج 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر نے کی۔
ریلی کے شرکاء سے مقریرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت سے کچلنے کے لیے تمام حربے استعمال کرکے دیکھ لیے مگر کشمیری بھائیوں کا جذبہ آزادی کم نہیں کر سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتیں کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد کے لیے بھارت کو پابند کرے اور کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے بھارت کو اس بات کا پابند کریں کہ وہ کشمیریوں کو خود مختیاری کا بنیادی حق دے اور کشمیری بھائیوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے اور جدوجہد آزادی کشمیر میں ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی بھرپورحمایت جاری رکھیں گے۔ آج کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا مقصد دنیا کو بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم سے متعلق آگاہ کرنا ہے اوربھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کودکھانا ہے۔
ریلی کے شرکاءنے بھارت کے خلاف اور آزادی جدوجہد کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران ، سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں ریلی میں شرکت کی۔