حیدر آباد؛ یوم سیاہ کشمیر پر یکجہتی ریلی ،بھارتی نا جائز قبضے کی مذمت

13

حیدر آباد،27 اکتوبر (اے پی پی):  وادی جموں و کشمیر پر پر بھارتی قبضہ کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کے علاوہ حیدر آباد میں بھی یوم سیاہ منایا گیا۔ ریلی کی  قیادت کمشنر حیدر آباد خالد حیدر شاہ نے کی جبکہ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد طارق قریشی اور میئر ایچ ایم سی کاشف شورو بھی ریلی کے شرکاء میں شامل تھے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ ہے،  آج زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی شرکت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ہم سب پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت 76برس میں بھی اپنے مذموم مقاصد  میں ناکام ہے۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنت نظیر وادی میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا،  ہم سب ایک ہیں اور کشمیر کی آزادی تک ایک رہیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر کے حوالے سے قرارداد پر عمل کرائے خطے کا امن کشمیر سے وابستہ ہے۔

ریلی میں مختلف محکموں کے افسران، اساتذہ طالبعلموں، سماجی شخصیات نے بھی کثیر تعداد میں پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں کی گونج میں شرکت کی۔