جلالپورپیروالا،30 اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے تحصیل جلالپور پیر والا کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر راحیل بیگ نے بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنرنے مریضوں سے ملاقات بھی کی اورادویات کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہے، تحصیلوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ گائنی ، ایمرجنسی ، حفاظتی ٹیکہ جات اور آؤٹ ڈور میں تمام علاج و معالجہ مکمل فری ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو طبی مراکز کی روزانہ انسپکشن کے احکامات دیے ہیں ۔