ساہیوال، 30 اکتوبر (اے پی پی): کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ساہیوال ڈویژن میں غیرقانونی مقیم غیرملکی افراد کو ملک بدر کرنے کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور انہیں عارضی رہائش فراہم کرنے کے لئے ہر ضلع میں ایک ایک ہولڈنگ سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے، اکتوبر کے آغاز پر ڈویژن میں مقیم غیرقانونی افراد کی کل تعداد264تھی جس میں سے اب تک85افراد رضاکارانہ طور پر واپس جا چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر نے پیر کو یہاں کمشنر آفس میں ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں کیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس ماہ کے آغاز پر ڈویژن میں 264غیرقانونی افراد مقیم میں سے 104ضلع ساہیوال، 85ضلع اوکاڑہ اور75ضلع پاک پتن سے تھے۔ ان افراد کو بے دخل کرنے کی آگہی مہم کی بدولت اب تک85افراد رضاکارانہ طور پر واپس جا چکے ہیں جبکہ179افراد ابھی بھی مقیم ہیں جن میں 74ضلع ساہیوال، 85ضلع اوکاڑہ اور20ضلع پاک پتن میں موجود ہیں جبکہ باقی 20افراد بھی آج شام تک واپس چلے جائیں گے اس طرح 31اکتوبر کی ڈیڈلائن سے پہلے ضلع پاک پتن سے تمام غیرقانونی مقیم افراد ضلع چھوڑ چکے ہونگے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق ہر ضلع میں ہولڈنگ سنٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں جو ضلع ساہیوال میں گورنمنٹ گریجویٹ کامرس کالج نیو کیمپس ہاسٹل، ضلع اوکاڑہ میں پناہ گاہ سٹیڈیم روڈ اور ضلع پاک پتن میں گورنمنٹ فریدیہ گریجویٹ کالج غلہ منڈی روڈ میں ہیں۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ان۔غیرقانونی مقیم افراد کو واپس ان کے ملکوں میں بجھوانے کے لئے تمام سفری انتظامات بھی مکمل کر لئے جائیں۔
اجلاس میں آرپی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، سعدیہ مہر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔