ڈیرہ غازی خان، 31 اکتوبر(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان پولیس نے کارروائی کے دوران نان پیڈ کسٹم اشیا کی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موبائل، سپاری، کپڑا،پیرا شوٹ،چائنا نمک اورایرانی ڈیزل برآمد کر لیا۔اس حوالے سے ڈی پی او احمد محی الدین نے کہاکہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سخی سرور آفتاب شبیر اور انچارج چیک پوسٹ سخی سرور محمد فرہاد نے بلوچستان سے پنجاب بین الصوبائی چیک پوسٹ پر نان کسٹم 250 چھوٹے نوکیا موبائل،45 پیکٹ رتن سپاری،ایک بورا کپڑا،2بوری پستہ،3 بنڈل پلاسٹک پیرا شوٹ،1 بیگ پلاسٹک پیرا شوٹ،1گٹو چائنا نمک اور 13100ایرانی ڈیزل سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دی۔انہوں نے کہا کہ یہ سامان قانونی کارروائی کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او نے کہا ہے کہ نان کسٹم سامان سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور سمگلنگ کرنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔