پشین،31 اکتوبر ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ نے کہا ہے کہ ضلع پشین کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، نوجوانوں کو صلاحیتوں کے استعمال کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس طرح ایک صحت مند دماغ کے لئے ایک صحت مند جسم کا ہونا ضروری ہوتا ہے ٹھیک اُسی طرح ایک صحت مند جسم کے لئے کھیل کود اور تفریح لازم و ملزوم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی شہید خدائے رحیم انگلش کرائمر ہائی سکول میں منعقدا فٹبال میچ میں دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت اور پوری دنیا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیتوں کے حامل نوجوانوں کی کمی نہیں ہے بس ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کےلئے اُن کو کھیل اور تفریح کے سازگار مواقع فراہم کئے جائیں ، اس مقصد کے حصول کے لئے کھیلوں کے میدان اور تفریحی مقامات کا قیام پہلی شرط ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جسمانی تعلیم اور مختلف قسم کے کھیل طلبہ کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لئے بے حد ضروری ہیں، بچپن میں فطری طور پر بچے کھیل کود کے شوقین ہوتے ہیں، جس سے اُن کے اعضائے جسمانی کی ورزش ہوتی رہتی ہے، جو اُن کی بہتر نشوونما کا پیش خیمہ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل جہاں بچوں کی بہتر نشوونما میں معاون ہوتی ہے وہیں طلبہ کی کردار سازی اور نفسیاتی تربیت میں بھی مدد ملتی ہے، زمانہ قدیم سے ہی مختلف قسم کے کھیل اور صحت مندانہ سرگرمیاں سکولز میں کروائی جاتی رہی ہیں تاکہ بچوں کو صحت مند بنا کر مطلوبہ اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تحقیق سے یہ بات واضح ہے کہ صحت مند بچے ہی تعلیمی میدان میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس لیے سکولز میں جسمانی تعلیم اور کھیلوں پر زور دینے کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فٹنس کے حوالے سے یہ قول مشہور ہے کہ”جس ملک میں کھیل کے میدان آباد ہوں تو ان کے اسپتال ویران ہوں گے اور جس ملک کے کھیل کے میدان ویران ہوں تو ان کے ہسپتال آباد ہوں گے۔