بھکر، 31 اکتوبر(اے پی پی ): گندم کے مقررہ پیداواری اہداف کی تکمیل یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں حکومتی مقررہ نرخوں میں کھادوں کی دستیابی اولین ترجیح ہے کاشتکار بھائی ملکی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے شہر کے مختلف کھاد سیل پوائنٹس کے اچانک دورہ کے دوران موقع پر موجود کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شوکت علی عابد ، کھاد ڈیلرز ایسوسی یشن ضلع بھکر کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے مزید گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ بین الصوبائی چیک پوسٹ داجل پر بھی کھاد سمیت دیگر ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے محکمہ زراعت سمیت دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین ہمہ وقت الرٹ ہیں علاوہ ازیں دریائی پتنوں پر بھی بطور خاص نظر رکھی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھاد کے حوالے سے موصولہ درست شکایات پر فوری نوٹس لے کر انہیں حل کیا جا رہا ہے جبکہ مڈل مین کے کردار کو ختم کرکے ایسے عناصر کی بیخ کنی یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر کھاد ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کی جانب سے انہیں جائز مطالبات کے حل کی یقینی دہانی کروائی گئی۔