خصوصی افراد کی معاشرے کے تمام شعبوں میں شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی؛صدر مملکت

7

اسلام آباد،2نومبر(اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماعت سے محروم افراد کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی معاشرے کے تمام شعبوں میں شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے  ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیف ویلفیئر آگاہی فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو فاؤنڈیشن کے صدر شیخ محمد منشاء کی قیادت میں یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی موجود تھیں۔

صدر مملکت نے  نے کہا کہ خصوصی افراد کو معیشت اور معاشرے کے مرکزی دھارےمیں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سماعت سے محروم افراد  کو ہنرمند بنانے اور تعلیم دینے کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے سماعت سے محروم افراد  کو بات چیت اور تعلیم تک رسائی میں آسانی دی جاسکتی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو اعلیٰ تعلیم کیلئے جامعات میں ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات کی مد میں چھوٹ دی جارہی ہے جبکہ نادرا کے خصوصی شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے خصوصی سہولت فراہم  کی جارہی ہے، خصوصی افراد نادراکا خصوصی شناختی کارڈ اور معذوری کا سرٹیفکیٹ ضرور بنوائیں۔

 صدر مملکت نے کہا کہ حکومت، غیر سرکاری تنظیموں اور سماعت سے محروم افراد کو مل کر درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

 وفد نے صدر مملکت کو سماعت سے محروم افراد کے مسائل اور فاؤنڈیشن کی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔