میرپورخاص، 03 نومبر(اے پی پی):میرپورخاص سینٹرل جیل ملک کی جیلوں میں قیدی دوست جیل کے حوالے سے اپنا الگ مقام رکھتی ہے۔ اس جیل میں تعینات ہونے والے ایس ایس پی سینٹرل جیل میرپورخاص شہاب الدین صدیقی نے سینٹرل جیل کے 800 سے زائد قیدیوِں کے لیے صبح ناشتے، دوپہر کھانے اور رات کے کھانے کے لیے بہترین کھانا فراہم کرنے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ساتھ معیاری اور صاف ستھرا کھانا مہیا کرنے کے لیے ایک مثالی نظام بنایا ہے. ہندو برادری و بیمار قیدیوں کے لیے ان کی مرضی اور مطالبے پر الگ کھانا فراہم کیا جاتا ہے جبکہ کھانے میں میٹھی دودھ والی سوئیاں،مرغی،بکرے، بڑے کا گوشت بریانی، سادے چاول، انڈے پراٹھے سمیت مختلف سبزیاں اور حلیم بھی کھانے کے مینیو میں شامل ہے۔
ایس ایس پی جیل شہاب الدین صدیقی نے بتایاجیل میں ملک کی معروف ہربل کمپنی قرشی کی جانب سے ہومیو پیتھک اسپتال کے ساتھ جدید ڈینٹل وارڈ بھی شروع کیا گیا ہے جہاں قیدیوں کے علاج کے لیے او پی ڈی کے ساتھ اسپتال میں داخل ہونے والے اور ایمرجنسی میں آنے والے بیمار قیدیوں کا علاج کیا جاتاہے، قیدیوں کے لیے بجلی کا موثر نظام،ٹھنڈے پانی کا واٹر فلٹر پلانٹ بھی نصب کیا گیا ہے،جیل میں الگ سے مدرسہ و اسکول بھی قائم کیا گیا جہاں مدرسے میں قرآن پاک کے ساتھ مکمل دینی تعلیم بھی دی جاتی ہےجبکہ دستگاری اسکول میں قیدی بہترین و خوبصورت سندھی ٹوپیاں، پین، خواتین بچوں کی چیزیں ہاتھ سے بناتے ہیں جو بازار میں فروخت کرکے قیدی اپنا روزگار کما رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں ہنر مند قیدیوں کے لیے باقر خانی اور بسکٹ بنانے کے لیے بیکری بنائی گئی ہے۔میرپورخاص سینٹرل جیل اس وقت سندھ کی ان جدید اصلاح گھروں میں شامل ہے جہاں قیدیوں کو بہترین شہری بنانے،روزگار دینے، دستگاری اور دینی تعلیم سیکھائی جارہی ہے۔
اگر میرپورخاص سینٹرل جیل کی طرح دیگر جیلوں میں قیدی دوست ماحول بنا کر انہیں اچھا امن پسند پاکستانی بنانے میں کردار ادا کریں تو ملک سے جرائم کا کافی حد تک خاتمہ ہوسکتا ہے۔