بھکر،03 نومبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آکسیجن جنریشن پلانٹ کی عمارت کا اپنے ہاتھوں سے سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ندیم رضا ملک بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آکسیجن جنریشن پلانٹ کی تنصیب ایک منفرد اقدام ہے جس سے ڈی ایچ کیو ہسپتال آکسیجن پیدا کرنے میں خود کفیل ہوجائے گا اور مارکیٹ سے گیس خریدنی نہیں پڑے گی جس سے ہسپتال کے اخراجات میں بھی نمایاں بچت ہوگی اور مریضوں کو ہمہ وقت آکسیجن کی فراہمی جاری رہے گی جس سے قیمتی جانوں کو بچانے میں نمایاں مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہاکہ ضلع کے ہسپتالوں اور مراکز صحت کی بہتری کیلئے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ ضلع کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ہیلتھ سروسز سے مستفید رکھا جاسکے ۔
اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ندیم رضا ملک نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کو آکسیجن جنریشن پلانٹ کی تفصیلات اور افادیت کے حوالہ سے مکمل طور پر بریفنگ دی۔