ساہیوال؛ہائی سٹریٹ پر اسفالٹ کا کام مکمل، جلد ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا

8

HLساہیوال،06نومبر  (اے پی پی) : پسپ پروگرام کے تحت جاری شہر کی معروف ترین ہائی سٹریٹ پر اسفالٹ کا کام مکمل ہوگیا ہے اور اسے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ اسفالٹ مکمل ہونے کے بعد سڑک پر موجود تین چوراہوں کی ری ماڈلنگ کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے جسے ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔

یہ بات سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے کمشنر آفس میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی۔

کمشنر شعیب اقبال سید نے اسفالٹ کا کام مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مڈھالی روڈ کی بحالی کا کام بھی مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے سیوریج لائن بچھانے کے کام میں سست روی اور ٹائم لائن کی پابندی نہ کرنے پر متعلقہ کمپنیوں پر جرمانہ عائد کرنے اور انہیں اظہار ناراضگی کے خطوط لکھنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور اے سی جنرل علیزہ ریحان سمیت متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔