ڈیرہ غازی خان،07 نومبر (اے پی پی) : ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے آپریشن جاری،264 افغان شہری وطن روانہ ہو گئے۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن نےضلعی سربراہان کو غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے جاری آپریشن میں تیزی لانے، ہولڈنگ سنٹرز کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور غیر ملکیوں کو پناہ دینے و معاونت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔
اس حوالے سے آر پی او نے کہ سرچ آپریشن کے دوران تحویل میں لئے گئے افراد کو عزت و تکریم کے ساتھ ہولڈنگ ایریاز میں منتقل کیا جائےاور ہولڈنگ سنٹرز پر تمام ترسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ نے اے پی پی کو بتایا کہ اب تک ڈیرہ غازی خان ریجن کے تمام اضلاع سے رضاکارانہ طور پر 264 غیر ملکی افغان شہری واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں جبکہ پروف آف رجسٹریشن پیش نہ کرنے پر 63 غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ان میں سے 38 کو مکمل عزت واحترام کے ساتھ ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ریجن کے تمام اضلاع میں 25 غیر ملکی افغان شہری ہولڈنگ سنٹرز پر مقیم ہیں جہاں انہیں تمام تر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔