تھرپارکر؛تمام این جی اوز ماہانہ رپورٹ ہر ماہ کی 5 تاریخ سے قبل جمع کرائیں،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کی ہدایت

8

 تھرپارکر،7 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور چائلڈ پروٹیکشن آفیسر کیلاش نے تمام ملکی اور غیر ملکی این جی اوز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی ماہانہ پیشرفت رپورٹ ہر ماہ کی پانچ تاریخ سے قبل جمع کروائیں اور 20 نومبر کو بچوں کی عالمی دن کی مناسبت سے تمام این جی اوز خاص کر بچوں کی تعلیم پر کام کرنے والی این جی اوز آگاہی پروگرام منعقد کریں۔

یہ ہدایت انہوں نے آج گڈی بھٹ جیم خانہ مٹھی پر منعقدہ تمام این جی اوز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 نومبر کو بچوں کی عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایک ریلی کا بھی انعقاد کیا جائے گا جبکہ تعلقہ لیول پر بھی مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے، انہوں نے تمام این جی اوز کو ہدایت دی کہ وہ بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پروگرام جلد از جلد سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ تھرپارکر سے شیئر کریں تاکہ کوآرڈی نیشن کے ساتھ ان پروگرامز کو مرتب کیا جا سکے۔

 انہوں نے تمام این جی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ چیئریٹی کمیشن سے اپنی رجسٹریشن کروائیں اور اگر انکی رجسٹریشن ہو چکی ہے اور سندھ چیئریٹی کمیشن کی جانب سے انکی این جی او پر کس بھی قسم کے تحفظات ہیں تو انہیں فوری طور پر دور کرانے کے اقدامات کیے جائیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کیلاش نے تمام ملکی اور غیر ملکی این جی اوز کو اپنے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ انکے جو بھی مسائل ہیں ان کے حل میں محکمہ اپنا کردار ادا کرئے گا۔ اس موقع پر تمام این جی اوز کے نمائندوں نے اپنی اپنی تنظیموں کے تحت ڈسٹرکٹ تھرپارکر کے مختلف تعلقوں میں چلنے والے پروجیکٹس کے ضمن میں پیشرفت رپورٹ پر جامع روشنی ڈالی۔