شیخوپورہ کی تاریخ کے سب سے بڑے رنگا رنگ اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز ہو گیا

4

شیخوپورہ،08 نومبر(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام شیخوپورہ کی تاریخ کے سب سے بڑے رنگا رنگ اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز ہو گیا ہے، فیسٹیول میں سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے گیند کو خوبصورت شاٹ لگا کر فیسٹیول کا آغاز کیا،سپورٹس فیسٹیول کی رنگا رنگ  افتتاحی تقریب شیخوپورہ کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار خان نے سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان، ایڈیشنل ایس پی فرحت عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد، اسسٹنٹ کمشنر میڈم لاریب اسلم اور ڈی ای او ایجوکیشن میڈم روبینہ کے ہمراہ سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کیا۔

 فیسٹیول کے افتتاحی روز رسہ کشی ، سو میٹر دوڑ اور مٹکا ریس کے مقابلے ہوئے، سپورٹس فیسٹیول دو ہفتے تک جاری رہے گی۔ تحصیل سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے درمیان ضلع کی سطح پر مقابلے ہونگے، بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔