مظفرگڑھ،10نومبر(اے پی پی): کوٹ ادو میں چھانگا مانگا ٹیلے پر 4 روزہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا آغاز ہو گیا ہے۔ریلی میں نامور ریسرز میر نادر مگسی اور صاحب زادہ محمد علی سلطان کی گاڑیوں سمیت 100سے زائد گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں،جن میں 4 خواتین ریسرز بھی شامل ہیں۔
گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیگنگ اور ان کی فٹنس کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا کل ٹریک196 کلومیٹر ہے۔جیپ ریلی کا ٹریک 3 اضلاع مظفرگڑھ، لیہ اور کوٹ ادو پر محیط ہے۔ٹریک کا آغاز اور اختتام چھانگا مانگا ٹیلے سے ہوگا، ٹریک کا مڈل پوائنٹ لیہ کی تحصیل چوبارہ ہے۔
اس حوالے سے معروف ریسر نادر مگسی نے کہا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی مظفرگڑھ،کوٹ ادو اور لیہ کی پہچان بن گئی ہے۔اس سے علاقائی ثقافت کو فروغ ملتا ہے،یہ ریلی نہ صرف تفریح کا باعث ہے بلکہ اس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملتے ہیں۔
ریسر رونی پٹیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی سے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا میں جائے گا،آئندہ سال سے اس میں بین الاقوامی سطح کے جیپ ڈرائیور حصہ لیں گے،تھل جیپ ریلی پاکستان کا ایک بڑا ایونٹ ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سید منور عباس بخاری نے چھانگا مانگا ٹیلے کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جیپ ریلی کے انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے۔