سیالکوٹ، 15 نومبر (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں جمہوریہ ترکیہ کے سو سال مکمل ہونے پر سیمینار اور آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا، سیمینار کے مہمان خصوصی جمہوریہ ترکیہ کے پاکستان میں سفیر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پاچاجی اور مہمان اعزاز ایجوکیشن قونصلر مہمت ٹویران جبکہ صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے کی۔
شعبہ فائن آرٹس کی طالبات کی جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے سو سالہ تعلقات کے حوالے سے فن پاروں کی نمائش کو معذز مہمانان گرامی نے بہت سراہا اور طالبات کی دل کھول کے تعریف کی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کا کہنا تھا کہ طالبات کا آرٹ ورک تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہے جو انکی پاکستان اور جمہوریہ ترکیہ کے صد سالہ تعلقات کے متعلق سوچ اور جذبات کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
نمائش کے بعد جی سی یونیورسٹی کے منعم الدین آڈیٹوریم میں انٹر نیشنل سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں طالبات نے علامہ محمد اقبال کے کلام ’’ہر لحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی شان ‘‘پر پرفارمنس پیش کی جس کی مہمانان گرامی اور سامعین نے دل کھول کر داد دی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ پاکستان پروفیسر ڈاکٹر خلیل ٹوکر کا کہنا تھا کہ انہیں اردو زبان سے عشق ہے اور اردو سے عشق علامہ محمد اقبال کے بغیر ناممکن ہے ،آج اقبال کے شہر سیالکوٹ میں آکر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
ایجوکیشن کونسلر مہمت ٹویران کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیم اور تحقیق کے میدان میں باہمی ہم اہنگی سے خاطر خواہ کام ہو رہا ہے اور مستقبل میں مزید منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے تحریک خلافت کے دوران برصغیر اور ترکیہ کے مسلمانوں کی مشترکہ کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے سوسالہ تعلقات اور مصیبت کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کو پاک ترکیہ دوستی کا اہم سنگ میل قرار دیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے ترکیہ کے سو سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی، یونیورسٹی کا تعارف کروایا اور یونیورسٹی کی کامیابیوں پر تفصیلا ً روشنی ڈالی ۔
پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر شگفتہ اور ہیڈ آف فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ رضا الرحمن کو پروگرام کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد بھی پیش کی۔
پروگرام میں ڈین فیکلٹی آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر الیاس، ٹریژر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق ، رجسٹرار ڈاکٹر عدنان، کنٹرولر گلشان اسلم سمیت تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے ہیڈز اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔