ڈیرہ غازی خان،16 نومبر (اے پی پی): ڈویژن میں سموگ کا باعث بننے والے اینٹوں کے 106 بھٹے،1498 گاڑیاں اور 61 انڈسٹریل یونٹس بند کرا دئیے گئے۔
اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سموگ پر قابو پانے کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے اور گزشتہ 13روز کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 5525 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، جس میں سے دھواں چھوڑنے والی 4025 گاڑیوں کے چالان اور دیگر خلاف ورزیوں پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ 146 انڈسٹریل یونٹس کے معائنے کئے گئے اور سموگ کا باعث بننے والے 61 یونٹس کو بند کردیا گیا۔اس کے علاوہ 7یونٹس مالکان کے خلاف مقدمات درج کرکے چھ لاکھ روپے جرمانہ کر دیا گیا۔
کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 725 میں سے 705 بھٹوں کو جدید ٹیکنالوجی زگ زیگ پر منتقل کرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ مہم کے دوران 237 اینٹوں کے بھٹوں کے معائنے کیے گئے اور دھواں چھوڑنے پر 26 بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات سید اشفاق بخاری،ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کے افسران نے بریفنگ دی۔