ملتان ؛لودھراں جدید پولیسنگ نے جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا،آر پی او کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری

32

 ملتان ،16 نومبر( اے پی پی ): جدید پولیسنگ نے جرائم کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے ضلع لودھراں کا دورہ کے دوران کیا۔ ڈی پی او حسام بن اقبال نے آر پی او ملتان کا استقبال کیا۔آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے ڈی پی او حسام بن اقبال کے ہمراہ تھانہ سٹی، جلہ آرائیں ، ٹریفک دفتر اور خدمت مرکز لودھراں کادورہ کیا۔

 تھانہ سٹی اور جلہ آرائیں کے وزٹ کے دوران آر پی او ملتان نے تھانہ کی حوالات،فرنٹ ڈیسک، مال خانہ کا تفصیلی جائزہ لیا،آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے خصوصی وژن پر تھانہ جات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور تھانوں کا ماحول عوام دوست بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ییں۔

سروس ڈیلیوری سمیت پولیس کے تمام نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے جدید پولیسنگ کے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خدمت مراکز جدید پولیسنگ کی شاندار مثال ہیں۔جدید پولیسنگ نے جرائم کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کیا اس سلسلہ میں عوامی خدمت کے سلسلے کو مزید وسیع اور سہل ترین بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔