قصور،17نومبر(اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سیوریج کے گندے اور کیمیکل سے ملے زہریلے پانی سے کاشت سبزیوں کیخلاف کارروائی ، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر قصور کے نواحی گاؤں نظام پورہ میں کاشت سبزیوں کی چیکنگ کی گئی اور دوایکڑ پر کاشت زہریلی سبزیوں کی فصل کو ہل چلا کر تلف کر دیا گیا، سیوریج اور کیمیکل کے زہریلے پانی سے کاشت سبزیوں کو منڈیوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔
اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی راؤ عبیدالرحمن نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ خوراک مہیا کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے، زہریلے پانی سے اگی سبزیوں کا استعمال موذی بیماریوں میں مبتلا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیت سے منڈیوں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، عوام اپنے ارد گرد ایسے تمام صحت دشمن عناصر کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔